ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جے ای ای-نیٹ امتحان معاملہ 6ریاستیں سپریم کورٹ سے رجوع

جے ای ای-نیٹ امتحان معاملہ 6ریاستیں سپریم کورٹ سے رجوع

Sat, 29 Aug 2020 10:59:50    S.O. News Service

نئی دہلی،29؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا بحران میں جے ای ای-نیٹ امتحان کو لے کر تنازعہ بڑھتا جا رہا ہے- کئی ریاستوں کے وزرا نے اس سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے- انھوں نے سپریم کورٹ کے ایک فیصلہ پر از سر نو غور کرنے کی عرضی داخل کی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حالات میں امتحان کرانا طلبا کے لیے خطرے سے خالی نہیں ہے- دراصل سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو امتحان کرانے کی اجازت دی تھی، جس کو کئی ریاستوں کے وزرا نے سپریم کورٹ میں ہی چیلنج کیا ہے-میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق مغربی بنگال، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، پنجاب اور راجستھان حکومتوں کے وزرا نے سپریم کورٹ میں از سر نو غور کرنے کی عرضی داخل کرکے نیٹ اور جے ای ای امتحان کو ٹالنے کا مطالبہ کیا ہے- خاص بات یہ ہے کہ سبھی وزرا نے یہ عرضی ایک ساتھ نجی حیثیت سے داخل کی ہے- اس سے قبل کانگریس لیڈر راہل گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک اور ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن سمیت کئی اپوزیشن لیڈروں نے یہ امتحانات فی الحال ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا-بہر حال، چھ ریاستوں کے وزرا کے ذریعہ سپریم کورٹ میں داخل نئی عرضی میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے حکومت فی الحال امتحان کرانے کی حالت میں نہیں ہے- امتحان کے دوران طلبا کورونا انفیکشن کی زد میں آ سکتے ہیں - عرضی داخل کرنے والوں میں مغربی بنگال سے ملے گھٹک، جھارکھنڈ سے رامیشور اوراں، راجستھان سے رگھو شرما، چھتیس گڑھ سے امرجیت بھگت، پنجاب سے بلبیر سنگھ سدھو اور مہاراشٹر سے اودے رویندر سامنت شامل ہیں -

طلبا کے مستقبل کا خیال رکھنا ضروری:سونیا گاندھی: کانگریس پارٹی نے آج ملک بھر میں جہاں جے ای ای اور نیٹ امتحان کو فی الحال ٹالنے کے مطالبہ کو لے کر مظاہرہ کیا، وہیں پارٹی نے طلبا کی حمایت میں سوشیل میڈیا پر مہم بھی چلائی- اس مہم کے تحت کانگریس لیڈرس سوشیل میڈیا پر طلبا کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں - کانگریس صدر سونیا گاندھی بھی اس مہم کا حصہ بنیں اور مرکزی حکومت کے سامنے طلبا کی بات رکھی-کانگریس صدر نے ایک ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میرے پیارے طلبا! میں ایسا محسوس کر رہی ہوں کہ آپ اس وقت مشکل دور کا سامنا کر رہے ہیں - آپ کا امتحان کب اور کہاں ہو یہ آپ کے اور آپ کی فیملی کے لیے کافی اہم ایشو ہے- آپ ہمارے مستقبل ہیں، ہم ایک بہتر ہندوستان کی تعمیر کے لیے آپ پر منحصر ہیں - اس لیے اگر آپ کے مستقبل کے تعلق سے کوئی فیصلہ لینا ہے تو یہ اہم ہے کہ آپ کا اتفاق بھی اس میں شامل ہو- مجھے امید ہے حکومت آپ کی آواز سنے گی اور درست فیصلے لے گی-

مرکزطلبا پر دباؤ کیوں ڈال رہا ہے؟ راہل:کانگریس کے سابق صدر اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے جی ای ای اور این ای ای ٹی (نیٹ)کے امتحانات کرانے کے حکومت کے فیصلہ پر ایک مرتبہ پھر سوال اٹھائے ہیں - ویڈیو جاری کر کے راہل گاندھی نے طلبا کے حق میں آواز اٹھائی اور مرکزی حکومت پر حملہ بولا- طلبا سے مخاطب ہوتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ آپ کل کے مستقبل ہیں، صاف نظر آ رہا ہے کہ مرکزی حکومت نااہل ہے، ایسے حالات میں حکومت کو آپ پر دباؤ کیوں کر ڈالنا چاہئے؟ویڈیو کا آغاز کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہاکہ بھائیو اور بہنو، نمسکار!آپ لوگ اس ملک کا مستقبل ہیں -


Share: